کوئٹہ میں 23بے گناہ لوگوں کا قتل افسوس ناک اورحکومتی ناکامی ہے،محمدحسین محنتی


کراچی (صبا ح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت اورفارم47کی مسلط کردہ نااہل قیادت کی وجہ سے آج پورا ملک بدامنی،دہشتگردی ، مہنگائی اورلاقانونیت کی لپیٹ میں ہے۔کوئٹہ میں 23بے گناہ لوگوں کا قتل افسوس ناک اورحکومتی ناکامی ہے۔مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف 28اگست کو عوام وتاجربرادری ھڑتال کو بھرپور کامیاب بنائیں۔ دھرنا،ھڑتال اوررابطہ عوام مہم سمیت تمام سرگرمیاں اقامت دین کی جدوجہد کا حصہ ہیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو لوگوں کی دنیا کے ساتھ آخرت بھی اچھی کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ہماری زندگی کا مقصددین کی سربلندی ،اللہ کی رضا اورفلاح اخروی ہے۔باقی سیاسی پارٹیوں کا مقصد کسی بھی طرح سے ذاتی مفاد وزرارتیں واقتدار کا حصول ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے 83ویں یوم تاسیس کے موقع پر دادو،میہڑ،سکرنڈاورکے این شاہ میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزیدکہا کہ بجلی کی قیمت کم اورظالمانہ ٹیکسز کم کرنے کے معاہدے پراسلام آباد دھرنا ختم کیا ،دی گئی مہلت 45دنوں کے اندرحکومت نے معاہدے پرعمل نہ ہواتو جماعت اسلامی پھرعوام کے حقوق کی خاطرسڑکوں پرہوگی۔

ادھر جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے مقامات پر پیر26اگست کو جماعت اسلامی کا83واں یوم تاسیس بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔

صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس حوالے کراچی،حیدرآباد،بدین،مٹیاری،میہڑ،سانگھڑ،ٹنڈوآدم،شکارپور،نواب شاہ اورسکھر سمیت متعدد مقامات پر پرچم کشائی کی تقاریب،سمینار،مذاکرے اورجلسے منعقد کئے گئے جن سے مرکزی ،صوبائی وضلعی رہنما علماء کرام ودانشور جماعت اسلامی کی سیاسی سماجی ودینی جدوجہد پراظہار خیال کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جو فرقہ واریت سے پاک اوراتحاد امت کی داعی جماعت ہے۔ انکی قیادت پرکسی قسم کی کرپشن کا الزام اورقرضے معاف کرنے والوں کی فہرست میں نام نہیں ۔

کراچی کے مئیر عبدالستار افغانی،سٹی ناظم نعمت اللہ خان اورسابق وزیرخزانہ کے پی سراج الحق کا کام وکردار پوری قوم کے سامنے ہے۔فلاحی ادارے الخدمت کا نیٹ ورک ملک سمیت پوری دنیا میں قائم ہے جو بلاتفریق انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔یاد رہے کہ 26اگست 1941ء کومفکر اسلام سید ابولاعلیٰ مودودی کی سربراہی میں 75افراد نے لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی جو آج  ایک تناوردرخت کی شکل اختیارکرچکی ہے دنیا بھرمیں ان کی شاخیں قائم ہیں۔یوم تاسیس کے موقع پرتجدید عہد کرتے ہوئے کارکنان نے اسلامی انقلاب تک خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرنے کا عزم کیا۔#

علاوہ ازیں ممتازعالم دین مولانا انتظارالحق تھانوی کی وفات پر امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ ودیگر ذمہ داران نے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے،صوبائی امیر سابق چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی سے ہمشیرہ کی وفات پرتعزیت مرحومہ کی مغفرت اوردرجات بلندی  کی دعا کی ہے۔#