تاجر اور عوام دشمن پالیسیوں کے باعث28 اگست کو شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی۔ سراج الحق


پشاور(صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تاجر اور عوام دشمن پالیسیوں کے باعث اٹھائیس اگست کو شٹر ڈاون ہڑتال ہو گی۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث عوام کوایک وقت کی روٹی نصیب ہو رہی ہے یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی، اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے گھریلو سامان سفید پوش طبقہ فروخت کررہا ہے اپنے بچوں کے جہیز تک فروخت کیا جارہاہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز کے نائب صدر مشتاق احمد خلیل سے ملاقات کے دوران  کیا اس موقع پر مشتاق احمد خلیل نے فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز کو درپیش مشکلات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ سابق امیر نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مشتاق احمد خلیل کو مبارک باد پیش کی انہوں نے کہاکہ تاجروں کے لئے کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ تجارتی مراکز سنسان پڑے ہو ئے ہیں۔ کاروبار نہ ہونے کے باعث بیروز گار ی میں اضافہ ہورہا ہے جس سے امن وامان کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث آج ہر مکتب فکر کے لوگوں کو مشکلات درپیش آ رہی ہے حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے چاہئے مہنگائی کے باعث سفید پوش طبقہ اپنے علاج سے بھی محروم ہیں اور اپنے بچوں کے لئے میڈیسن نہیں خرید سکتے۔ سفید پوش طبقہ کو علاج کی سہو لت میسر نہ ہونے کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔