معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے،چیئرمین سینیٹ


اسلام آباد(صباح نیوز)  چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے موسیٰ  خیل دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے دلخراش واقعہ میں 23 مسافروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ دہشت گرد پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد افراتفری پھیلانا ، ترقی کے عمل کو سست روی کا شکار کرنا ہے، ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف پرعزم ، قوم متحد ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا۔چیئرمین سینیٹ کی اللہ تعالی سے جاں بحق افراد کے لئے بلندی درجات،لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی اس ظالمانہ فعل کی شدید مذمت کی۔