کراچی تاکشمور سندھ بھر میں کل جماعت اسلامی کا یوم تاسیس جوش جذبے کے ساتھ منایا جائے گا


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے مقامات پر کل جماعت اسلامی کا یوم تاسیس بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

صوبائی ترجمان مجاہدچنا کے مطابق اس حوالے سے کل 26اگست   کراچی،حیدرآباد،بدین،مٹیاری،سانگھڑ،ٹنڈوآدم،شکارپور،نواب شاہ اورسکھر میں پرچم کشائی ،سمینار،مذاکرے اورجلسے منعقد کئے جائیں گے جن سے مرکزی صوبائی وضلعی رہنما علماء کرام ودانشور جماعت اسلامی کی سیاسی سماجی ودینی جدوجہد پراظہار خیال کریں گے ۔

یاد رہے کہ 26اگست 1941ء کومفکر اسلام سید ابولاعلیٰ مودودی کی سربراہی میں 75افراد نے لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی آج دنیا بھرمیں ان کی شاخیں قائم ہیں۔جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جوحقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری اورموروثیت خاندان سے پاک جماعت ہے جہاں مقام سے لیکر مرکزی امیرتک باقاعدہ انتخابات ہوتے ہیں۔جماعت اسلامی کے پہلے امیرخود سید مودودی منتخب ہوئے جبکہ دوسرے میاں طفیل محمد،تیسرے قاضی حسین احمد،چوتھے سیدمنورحسن،پانچویں سراج الحق اورچھٹے حافظ نعیم الرحمان امیر منتخب کئے گئے ہیں۔

دریں اثناء مرکزی نائب امیر مولانا عطاء الرحمان اورصوبائی امیرمحمد حسین محنتی بدین ،مٹیاری،حیدرآباد، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو سانگھڑوکھڈرو،صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ لاڑکانہ، نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی ٹنڈوآدم میں منعقدہ یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کریں گے۔