یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا اعلان قابل مذمت، ہزاروں افراد بے روزگار ہو جائیں گے،محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا حکومتی اعلان تشویشناک اور قابل مذمت ہے اس فیصلے سے جہاں ایک طرف ہزاروں افراد کا روزگار دائو پر لگ جائے گا وہاں دوسری جانب ان سٹورز سے عوام کو میسر تھوڑا بہت ریلیف بھی ختم ہو جائے گا ۔ حکمران اگر ملک و قوم کو آسانی نہیں دے سکتے تو مشکلا ت میں اضافہ کرنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں۔ہونا تو یہ چاہئے کہ اداروں سے کالی بھڑوں کو نکالا جائے ،کرپشن کا خاتمہ کیا جائے ، اداروں کو ان سے پاک کیا جائے ، مگر نا اہل حکمرانوں نے ان کو بند کرنا شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 24ـ2023 کے دوران مہنگائی 26 فیصد تک رہنے کی پیشنگوئی جبکہ پاکستان میں 40 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے کی خبریں ،درحقیقت حکمرانوں کی بدترین معاشی ایجنڈے اور غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت نے ماضی میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے اور نہ ہی اب ان سے امید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دکھاوئے اور ڈنگ ٹپائو قسم کی پالیسیوں سے معیشت میں بہتری ممکن نہیں۔سندھ میں پیپلز پارٹی گزشتہ دو دہائیوں سے حکومت میں ہے، پنجاب میں بھی شریف فیملی لمبے عرصے سے اقتدار جبکہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی بر سر اقتدار ہے لیکن اس کے باوجود عوام کی حالت زار میں کسی قسم کی کوئی بہتری نہیں ہوئی،پاکستان کے لوگوں نے ان ساری پارٹیوں کو آزما لیا ہے۔یہ سب لوگ اقتدار میں ہیں مگر اپنے اپنے صوبوں میں دہائیوں تک حکومتیں کرنے کے باوجود ڈیلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔پیپلز پارٹی سندھ اور مسلم لیگ پنجاب اپنی کارکردگی کے حوالے سے قوم کے سامنے جواب دہ ہیں۔انہوں نے کہاکہحکومت کی نااہلی اور متعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی و کرپشن سے اشیا خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے باہر وہوچکی ہیں۔ عوام کے لیے سانس کا روح سے تعلق برقرار رکھنا بھی مشکل ترین ہو چکا ہے۔ جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک حکمران اللوں تللوں کو ختم اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیح نہیں بنا لیتے اس وقت تک ملک و قوم کی تقدیر بدل نہیں سکتی