کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی وفکری تحریک ہے جو اس ملک میں جاری ظالمانہ نظام کوتبدیل کرکے اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرنا چاہتی ہے ،مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف دھرنا،28اگست کو ھڑتال اوریکم ستمبر سے ملک گیر رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔عوام بدی کے خاتمے اورحق کے غلبے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،
ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پرپرچم کشائی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔جماعت اسلامی کے 83یوم تاسیس کی تقریباب کا آغازکردیا گیا ہے جس میں پرچم کشائی سمینار،مذاکرے اورجلسے منعقد کئے جارہے ہیں جن سے مرکزی صوبائی وضلعی رہنما علماء کرام ودانشور جماعت اسلامی کی سیاسی سماجی ودینی جدوجہد پراظہار خیال کریں گے ۔26اگست 1941ء کو سید ابولاعلیٰ مودودی کی سربراہی میں 75افراد نے لاہور میں جماعت اسلامی قائم کی ۔
جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جوحقیقیٰ معنیٰ میں ایک جمہوری اورموروثیت خاندان سے پاک جماعت ہے جہاں مقام سے لیکر مرکزی امیرتک باقاعدہ انتخابات ہوتے ہیں۔پہلے امیرخود سید مودودی منتخب کئے گئے جبکہ دوسرے میاں طفیل محمد،تیسرے قاضی حسین احمد،چوتھے سیدمنورحسن،پانچویں سراج الحق اورچھٹے حافظ نعیم الرحمان امیر منتخب کئے گئے ہیں۔