راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان کر کٹ بورڈ پی سی بی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے بقیہ دو دنوں کے لیے شائقین کا داخلہ مفت کر دیا۔ یہ فیصلہ ویک اینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس سے فیملیز اور طلبا کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں کھیل دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ یا ب فارم لانا ہو گا۔
شائقین کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) (صرف فیملیز کے لیے) اور پریمیم انکلوژرز ( میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات ) میں سے ایکشن کو مفت دیکھ سکیں گے۔پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں پر مفت داخلے کی پالیسی نافذ نہیں ہوتی، پہلے سے خریدے گئے ٹکٹوں کی رقم واپس کر دی جائے گی۔ شائقین کی سہولت کے لیے دو روٹس پر مفت شٹل سروس چلتی رہے گی۔