تیتری نوٹ( صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ 5لاکھ کشمیری شہداء کا مقدس لہو آزادی کا عنوان بنے گا،نریندرمودی طاقت کی بنیاد پر کشمیریوںکو غلام نہیں رکھ سکتا،ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیںمسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑارہاہے،جماعت اسلامی کسی کو شہداء کے مقدس لہو سے بے وفائی نہیں کرنے دے گی،کشمیریوںکے مقدس لہو سے جس نے بھی بے وفائی کی کوشش کی وہ عبرت کا نشان بنا ہے،جماعت اسلامی نااہل قیادت اور باطل نظام کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی ریاست کے آزاد خطوں کو اسلامی فلاحی ریاست بنا نا چاہتی ہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوںنے شہدائے کشمیرچوک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان،امیر ضلع نذیر اصلاحی ،امیرحلقہ مختار علی خان اور دیگر قائدین نے خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ ہمارے سارے مسائل کی جڑ موروثی سیاست ہے ،حکمران عوام کے مسائل کرنے کی بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ قومی وسائل درست انداز سے لگائے جاتے تو آزاد خطہ آج ترقی میں یورپ سے آگے ہوتا،تمام تر وسائل کے باوجود عوام کی فلاح کے لیے کچھ نہ کرنا قیادت کی بدترین نااہلی ہے ،عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں عوام کی تقدیر بدل دیںگے ،ہمارے سارے مسائل کا حل قرآن وسنت کی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا ایک متبادل نظام کی تلاش میں ہے اور یہ متبادل نظام اسلام کی صورت میں مسلمانوں کے پاس ہے ،جماعت اسلامی اسی اسلامی نظام کے غلبے کی جدوجہد کررہی ہے ۔