کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی صفورا ٹاؤن کے منتخب نمائندوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے صفورا ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کا اجلاس پارلیمانی لیڈر اور یو سی 2 کے وائس چیئرمین سکندر علی کی زیر صدارت ہوا ۔ جس میں جماعت اسلامی کے تمام وائس چیئرمین اور کونسل ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صفورا ٹاؤن میں میگا کرپشن نااہلی اور اقربا پروری پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد صفورا ٹاؤن بچاؤ مہم چلائی جائے گی ۔ اور قبضہ ٹاؤن چیئرمین کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں صفورا ٹاؤن کی آٹھ میں سے چھ یونین کمیٹیوں میں جماعت اسلامی نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ پیپلز پارٹی نے صرف دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ لیکن پی پی سرکار نے سرکاری ملازمین کی مدد سے جماعت اسلامی سے تین جیتی ہوئی نشستیں دھاندلی کے ذریعے چھین لیں ۔ اور صفورا ٹاؤن پر قبضہ کر کے لوٹ مار کا بازار گرم کردیا۔ ٹاؤن میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہے۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف سو روپے روزانہ کے عوض جگہ جگہ پتھارے لگوادیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے.