کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی ناسور بن چکی ہے عوام میں اداروں کے بلوں کی ادائیگی کی سکت ختم ہو چکی ہے بجلی گیس اور KW&SC کے ادارے عوام کو لوٹ رہے ہیں سندھ کے شہروں میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور گٹر کے پانی سے گلیاں تالاب بنی ہوئی ہے میئرز اور وزیراعلیٰ ٹیکسز لگا کر عوام کا جینا دوبھر کر رہے ہیں ۔یہ بات انہوںنے نیشنل کنزیومر موومنٹ کے ورکنگ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سید شہزاد مظہر، عرفان رانا، ارشد قریشی، سید عبدالغفار اور محسن وہرانے بھی شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ KW&SC ٹینکرز مافیا کو فروغ دے رہا ہے صارفین کی اکثریت ناقص آن لائن سسٹم کے رحم و کرم پر تذلیل کے ساتھ لائنوں کا پانی ہائیڈرنٹس سے خریدنے پر مجبور ہیںـ پرائس کنٹرول اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے محکمے ناپید ہو چکے ہیں مہنگائی کے سدباب اور کوالٹی کی بہتری کے لیے ان اداروں کا کوئی کردار نہیں ہے کمشنر کراچی مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار ہیں جماعت اسلامی عوام کو ریلیف دلا کر دم لے گی اور ہر سطح پر حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کو منظم کیا جائے گاـنیشنل کنزیومر موومنٹ کے صدر سید شہزاد مظہر نے مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بھرپور حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد پارٹی ہے جو عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی رکھتی ہے اور جدوجہد کر رہی ہے آٹے اور دالوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس غریب عوام پر ظلم ہے پانی کی مد میں %9 اور سیوریج کی مد میں %14 اضافے عوام پر ظلم ہے اسی طرح سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور اضافی سیکورٹی اور ظالمانہ سلیب ختم کیے جائیں ۔نیشنل کنزیومر موومنٹ 24 اگست بروز ہفتہ پانچ بجے شام گلبرگ میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی کانفرنس منعقد کرے گی انہوں نے تمام سیاسی اور سماجی کارکنوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہےـ