کراچی (صباح نیوز)چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نویدعلی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کے تمام پروگرامز اور شعبہ جات کے ڈائریکٹررضاکارانہ اور روز انہ کی بنیاد پرخدمات انجام دیتے ہیں ۔ان ڈائریکٹرز کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔لوگوں کی خدمت کے لیے اپنا وقت اور پیسہ خرچ کرنا بڑی نیکی ہے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز الخدمت کے مرکزی دفتر میں تمام پروگرامز اور شعبہ جات کے ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی ۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ، صحت ،تعلیم ،واش پروگرام ،کفالت یتامیٰ ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ ،کمیونٹی سروسز ،مواخات ،بنوقابل پروگرامز اورشعبہ جات آغوش ہوم ،ڈائیگنوسٹک سروسز ،فارمیسی سروسز ،والنٹیر سروسز ،الخدمت تفہیم المدارس سمیت دیگر شعبوں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے شعبوں میں گزشتہ 6ماہ میں کیے جانے والے کاموں کا جائزہ پیش کیا ۔2024 کے باقی سیشن کے حوالے سے منصوبہ بندی سے آگاہ کیا اورآئندہ کے چیلنجز سے متعلق بھی بات چیت کی ۔اجلاس میں الخدمت کی تمام سروسز کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز کی رضاکارانہ خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت سے جواطمینان حاصل ہوتا ہے اس کاکو ئی نعم البدل نہیں۔ الخدمت کا کام ذمہ داری کا کام ہے۔تمام ڈائریکٹرز خدمت کا کام انتہائی ذمہ داری اوراللہ رکی رضا و خوشنودی کے لیے کرتے ہیں۔یہ اجروثواب کی بات ہے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم یہاں ایک خاندان کی طرح مل کر کام کرتے ہیں جس کا مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے ۔الخدمت کے شعبہ جات میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، ان شعبوں میں مزید بہتری لائی جائے گی اوراس کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔ نوید علی بیگ نے اعلان کیا کہ جنوری 2025کے آغاز میں الخدمت کے تحت ایک بڑاپروگرام منعقد کیا جائے گا ۔