کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے دبئی جانے کے لیے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ۔
سندھ حکومت نے دبئی ایکسپو کیلئے شرجیل میمن کو فوکل پرسن مقررکردیا۔شرجیل میمن کے وکیل نے بتایا کہ انھیں 15 نومبر کو دبئی ایکسپو میں شرکت کرنی ہے۔ اس سلسلے میں شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے عدالت سے رجوع کیاگیا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل اورایف آئی اے کو8 نومبر کیلئے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ نیب اور دیگر فریقین سے بھی تحریری جواب طلب کرلیا گیا ہے۔
ان کے وکیل نے مزید بتایا کہ شرجیل میمن دبئی ایکسپومیں سندھ حکومت کی نمائندگی کریں گے۔انتیس ستمبر کو سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔
تین ماہ قبل سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کو 30دن کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی۔پیپلزپارٹی کے رہنما کو عدالت نے 10 لاکھ روپے زرِضمانت جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔