کراچی (صباح نیوز) چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے ملاقات کی چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ صوبائی وزیر کو مختلف پروگراموں خصوصا بینظیر نشوو نما پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اس پروگرام کا مقصد حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین (PLW) اور BISP کفالت پروگرام کے گھرانوں میں دو سال سے کم عمر کے بچوں میں غذائی قلت پر قابو پانا ہے۔
ڈی جی بی آئی ایس پی سندھ ریجن نے ڈاکٹر عذرا کو بی آئی ایس پی کی طرف سے چلائے جانے والے نشوونما پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ماں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ حمل کے دوران باقاعدگی سے قبل از پیدائش کی صحت کی جانچ اور آگاہی سیشنز میں شرکت کریں۔ انہیں غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی اور بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس کروایا جاتا ہے۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بچوں میں سٹنٹنگ کو روکنے، حاملہ خواتین کے وزن میں بہتری، خون کی کمی اور مائیکرو نیوٹرینٹ کی کمی کو کم کرنے اور ماں اور ابتدائی بچے کی صحت/غذائیت کے بارے میں آگاہی کو بہتر بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کی ان کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے سینیٹر روبینہ خالد اور ان کی ٹیم کی مزید رہنمائی کی کہ وہ پی پی ایچ آئی اور دیگر شراکت دار صحت کی تنظیموں کے ذریعے اس طرح کے پروگراموں کو مزید وسعت دیں۔