کراچی (صباح نیوز) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ قوم کی بیٹیاں سڑکوں پر ڈمپر کے نیچے کچلی جا رہی ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے اسکوٹی پر سوار نوجوان بچی کے جاں بحق ہونے پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں کی آبادی کے شہر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کی ضرورت ہے۔تاکہ عزت کے ساتھ سفر ممکن ہو۔
پوری دنیا اور پاکستان کے بھی کئی شہروں میں میٹرو ٹرین چل رہی ہے اور کراچی کے موٹر سائیکل سوار بچے بچیاں،گٹر ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور کچرے کنڈیوں سے بچ بچا کر ٹرکوں، واٹر ٹینکروں اور ڈمپروں کے نیچے آ کر مر رہے ہیں۔ناظمہ کراچی نے کہا کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے اصول پر شہر چل رہا ہے۔ناظمہ کراچی نے کارساز سانحے پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں باپ اور بیٹی تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے اور کہا کہ مجرم کو سزا دینے سے ہی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہو گا ورنہ انصاف بکتا رہے گا،اگر امیر کیلئے ریاست کی مشینری متحرک رہے گی تو غریب یونہی پستا رہے گا۔