اسلام آباد(صباح نیوز) دفتر خارجہ نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یران میں سڑک حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ہلا کتوں پر پاکستانی سفارتی مشن ایرانی حکام سے رابطے میں ہے تاکہ لاشوں کی بازیابی اور وطن واپسی میں تیزی لائی جا سکے اور زخمیوں کے علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم پاکستانی زائرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جو ایران کے شہر یزد میں ایک المناک سڑک حادثے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی ہدایت پر زاہدان میں پاکستان کے قونصل خانے کے حکام کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور زمینی صورتحال کا پتہ لگانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ بھی رابطہ کریں گے اور لاشوں کو پاکستان واپس بھیجنے کا انتظام کریں گے جن میں سے زیادہ تر صوبہ سندھ کے رہائشی ہیں۔
وزارت خارجہ نے ان کوششوں میں مدد فراہم کرنے اور لاشوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا ہے۔