اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر راجہ فاضل تبسم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام 74سال سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دے کر اپنی ذ مہ داری پوری کرے ۔
راجہ فاضل تبسم نے ان خیالات کا اظہار یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایمز سکول اینڈ کالج اسلام آباد میں کشمیر کی پکار اقوام متحدہ کے نام5کروڑ حق خودارادیت ای میل مہم کے نویں مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں نو لاکھ فوج کے زریعے ظلم وجبر کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔5اگست 2019کے بھارتی اقدامات سے کشمیریوں کا تشخص ختم ہو گیا ہے،23لاکھ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینا وہاں کے مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے ۔ کشمیری کسی صورت اسے قبول نہیں کرتے ۔
انھوں نے کہا بھارت اسرائیل کے ساتھ ملکر پیلٹ گن کے ذریعے معصوم بچوں کی بیتابی ختم کر کے نسل نو کو اندھا کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے ،انھوں اس موقع پر بابائے حریت سید علی گیلانی شہید کی بے مثال جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کشمیر قوم اپنے محبوب قائد کے مشن آزادی کو نہ صرف زندہ رکھے گی بلکہ کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لئے نئی حکمت عملی وضع کرے گی ۔
کشمیر آی میل مہم کی اس تقریب سے ایمز کالج کے پرنسپل سید امتیاز علی رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں کبھی مایوس نہیں ہوتیں ،راجہ فاضل تبسم نے کشمیر ای میل مہم کی صورت میں جو یکجہتی کشمیر کا نیا ورژن دیا ہے اس کو لے کر 5کروڑ آی میل مہم کے ذریعے اقوام متحدہ کو مجبور کریں گے کہ وہ کشمیر میں استصواب رائے کے زریعے کشمیر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے۔
یکجہتی کشمیر آی میل مہم کی تقریب سے سید محمد عباس اور چیمبر آف سکولز کے صدر اور دیگر اداروں سے آئے ہوئے پرنسپل صاحبان نے خطاب کیا۔ بچوں نے کشمیر کی آزادی کے حوالے سے ترانے اور ٹیبلو بھی پیش کیا تقریب کے اختتام پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو کشمیر میں استصواب کے حوالے سے ای میل مہم کا سلسلہ جاری رہا۔