کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکمرانوں کو بلوچستان کے حقوق دینے ہوں گے،حقوق سے محرومی ،وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ،بدعنوانی کی وجہ سے بلوچستان کے عوام احساس محرومی کاشکار ہیں، ہر طرف بے روزگاری ،غربت،مہنگائی ہے ، بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ ہوں گے تو عوام کو سہولت میسرہوگی، محرومی ،غربت کا خاتمہ ہوگا جماعت اسلامی عوام کو بجلی قیمتوں ،ٹیکسزمیں رعایت دینے اور آئی پی پیز کے ظالمانہ سودوں سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے بجلی قیمتوں میں ،مہنگائی ،ٹیکسز میں اضافے کے خلاف28اگست ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان ودیگر قائدین کے دورہ کوئٹہ پروگرامزکی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری زاہداختر بلوچ ،افتخار احمدکاکڑ،پروفیسر سلطان محمد کاکڑ ،ڈاکٹرنعمت اللہ ،مرتضیٰ خان کاکڑ،مولانا محمد عارف دمڑ ،روح اللہ سالار،عابد حسین ،اسامہ ہاشمی ،عبدالولی خان شاکر ودیگر نے شرکت کی اس موقع پر تیاریوں کے حوالے سے ذمہ داران نے اپنی رپورٹ پیش کی ۔منگل کو مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کوئٹہ پہنچتے ہی صوبائی شوریٰ وامرائے اضلاع اور صوبائی وضلعی اورزونل ذمہ داران اجلاس میں شرکت کریں گے مرکزی امیر کیساتھ مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،نائب امیر اسامہ رضی ومیڈیا کوارڈینیٹر سلمان شیخ بھی ہوں گے ۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی زراعت تباہ ہونے کے بعد اب ساحل اور بارڈر ٹریڈپر نارواغیر قانونی سختی بھتہ خوری شروع کرکے رہی سہی کسرپوری کر دی گئی ہے ۔بلوچستان کے طلباء نوجوان زمیندار ،ملازمین ،تاجر سمیت ہر طبقہ متاثر اورپریشان ہیں۔بجلی کی لوڈشیڈنگ قیمتوں میں اضافہ نے زراعت ومعیشت کو تباہ عوام کو نان شبینہ کے محتاج بنادیے ہیں تنخواہوں سے زیادہ بجلی کے بلز آرہے ہیں جو لمحہ فکریہ اور معاشی تباہی وبربادی ہیں۔ جماعت اسلامی بجلی قیمتوں ،ٹیکسز ،مہنگائی کے خلاف احتجاج کو کامیاب بنائیگی جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے آئی پی پیز کے ظالمانہ سودے لوٹ مار کو بے نقاب کردیا ۔ حکمران اہل بلوچستان کوروزگار کی فراہمی ،کاروبار میں آسانی ،بارڈر اور ساحل پر کاروبار کرنے کیلئے آسانی اورسہولت دی جائیں بارڈر اور ساحل سمیت شاہراہوں پر بھی ناروالوٹ مار بھتہ خوری کی شکل میں ٹیکس نافذ ہے جس کی بدولت عوام وقومی خزانے کوثمرات ملنے کے بجائے کچھ لو گ غلط طریقے سے مستفید ہورہے ہیں ۔جماعت اسلامی ظلم وجبرناانصافی کے خلاف ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے عوام جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ہماراساتھ دیں