جماعت اسلامی سندھ نے گیس بلز میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ لگانے کا فیصلہ مسترد کردیا

کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این محمد حسین محنتی نے گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سوسے پانچ سوفیصدتک اضافے کے باوجود اب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پرگیس صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ ظلم ونانصافیوں کے مارے عوام کے زخموں پرنمک پاشی اورعوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے عوام کو کوئی سہولیات اورریلیف دینے کی بجائے مسلسل بجلی وگیس بلوں میں ہوشربا اضافہ اورٹیکسزکی بھرمار کرکے عام آدمی کا زندہ رہنما مشکل بنادیا گیا ہے۔آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدوں کے نتیجے میں آج بجلی پندرہ روپے سے  بڑھکر80روپے فی یونٹ پرپہنچادی گئی ہے۔جس کی وجہ صنعتیں بند،کاروبارمتاثر اوربے روزگاری ومہنگائی کا طوفان آگیاہے۔اس لیے حکومت ملک وعوام کی حالت زارپررحم کرے سارابوجھ عوام پرڈالنے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی اورسادگی وکفایت شعاری کی پالیسی اپنائے۔