ابھی ہمارا کوئی سٹیڈیم عالمی معیار کا نہیں،چیئرمین پی سی بی


لاہور(صباح نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ  محسن نقوی نے کہا ہے کہ ابھی ہمارا کوئی سٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشا اللہ، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، میچز کی تاریخیں آگے پیچھے ہوسکتی ہیں، پی سی بی سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چار پانچ ماہ مشکل ہوں گے کیوں کہ گراونڈز بن رہے ہیں لیکن چیمپئنز ٹرافی سے پہلے کام مکمل کرلیا جائے گا، چیمپئنز ٹرافی سے پہلے ابتدائی کام مکمل کیا جائے گا، بقیہ کام چیمپینز ٹرافی کے بعد مکمل کرلیا جائے گا۔محسن نقوی کے مطابق خیبرپختونخوا کی حکومت سے بات چل رہی ہے، اگر وہ ہمیں سٹیڈیم دیں تو اس میں بھی کام کریں گے، نیو یارک کا سٹیڈیم بھی آخری دس دن میں مکمل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام دن رات جاری ہے،سٹیڈیمز کی رینوویشن بہت بڑا چیلنج ہے، دنیا کے سٹیڈیمز کے برعکس پاکستان کے سٹیڈیمز غیر معیاری ہیں، ہمارے سٹیڈیم دنیا کے مقابلے میں بہت پیچھے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا، پشاور سٹیڈیم کے انتظامات کے لیے خیبر پختونخوا حکومت سے بات چل رہی ہے، ہم گرائونڈز کی رینوویشن کے حوالے سے آئی سی سی سے رابطے میں ہے، چمپئینز ٹرافی کے لئے آئی سی سی وفد کے آنے سے پہلے رینوویشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لاہور کے قذافی  سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔