محمد حسین محنتی  کاسندھ میں بارش کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پراظہار افسوس


کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ نے زوردیا ہے کہ حکومت سندھ میں تیزوطوفانی بارش سے ہونے والے نقصان کے ازالے،ہنگامی بنیادوں پربارش کے پانی کونکالنے اورعوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے سنجیدہ وکرپشن فری اقدامات کرے۔

امیرجماعت اسلامی سندھ سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سندھ میں تیزوطوفانی بارش کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگرحکومتی وانتظامی غفلت ونااہلی کی وجہ سے یہ عوام کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔پیشگی اطلاعات کے باوجود ندی نالوں کی صفائی سمیت ضروری اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے بارش سے کراچی تاکشمو رسندھ کے عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ اس وقت بھی سندھ کے بڑے شہرلاڑکانہ سکھر خیرپورودیگر بارش کے پانی سے تالاب بنے ہوئے ہیں جبکہ سڑکیں تباہ اورمعمول کی زندگی سخت متاثر ہوئی ہے۔برسات سے گھروں وفصلوں کو بھی بڑے پیمانے پرنقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔حالیہ تشویش ناک صورتحال نے بلدیاتی اداروں کی ناکامی کے ساتھ سندھ میں تسلسل کے ساتھ پندرہ سالوں سے قائم پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی کو بھی عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ سندھ نے صرف کرپشن اورڈاکوراج میں ترقی  حاصل کی ہے۔ صوبائی امیرنے بارش سے متاثرہ خاندانوں سے دلی اظہارہمدردی مرحومین کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔دریں اثناء امیرصوبہ نے جماعت اسلامی اورالخدمت کے ذمے داران ورضاکاروں کو بھی ہدایات جاری کردیں ہے کہ وہ حسب سابق مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی ہرممکن مددکرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔