وفاقی وزیرِ داخلہ کا فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ


کوئٹہ(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں پر آئی جی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے ان کا استقبال کیا۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈکوارٹر میں یادگار شہدا پر حاضری دی، شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی کی زیرِ صدارت فرنٹیئر کور ساتھ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز اور انسداد سمگلنگ کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیرِ داخلہ نے بلوچستان میں قیام امن اور انسداد سمگلنگ کے لیے فرنٹیئر کور ساتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ایف سی ساتھ فرنٹ لائن پر ہے ۔محسن نقوی نے کہا کہ فرنٹیئر کور نے مشکل حالات میں امن کے لیے مثالی خدمات انجام دی ہیں، وہ بلوچستان میں امن کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے، ان کی ضروریات کو وسائل میں رہتے ہوئے پورا کیا جائے گا، بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت ہے، بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا۔