وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے والد دیگر اہل خانہ سے تربت میں ملاقات

تربت (صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مستونگ میں شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی تربت میں واقع رہائش گاہ  آمد،آئی جی فرنٹیئر کور ساوتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز خان بھی ہمراہ تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے  شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے والدکنر بلوچ،بھائیوں اور دیگر اہل خانہ  سے ملاقات کی ۔ ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے  شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے والد  کو دلاسہ دیا اور ان کے  حوصلے کو سراہا۔محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے خاندان کیلئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کااعلان کیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے شہید ڈپٹی کمشنر ذاکربلوچ کے والد کو پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر دیا۔

محسن نقوی نے  صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے شہیدکے والد کو خصوصی تعزیتی پیغام پہنچایا یہ کسی کی جان کا نعم البدل نہیں بلکہ شہید ذاکر بلوچ کے خاندان کی دیکھ بھال کے لئے حقیر سی کاوش ہے۔ انھون نے کہا کہ شہید ذاکر بلوچ کی فیملی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔آپ جیسے  حوصلہ مند والد  پر فخر ہے جنہوں نے تمام بیٹوں کواعلی تعلیم دلوائی ۔ شہید بیٹے کے والد کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ فرض شناس۔ محنتی اور بہادر افسرتھے،ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ یاد رہیں گے۔ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی،آر پی او گوادر، ڈپٹی  کمشنر ، اعلی سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔