مٹیاری(صباح نیوز) پاکستان کی اساس کلمہ طیبہ لاالہ الا اللّہ ہے اور جماعت اسلامی اسی کلمے کو نافذ کرنے کے لیے اپنے قیام کے روز اول سے کوشاںہے،ان خیالات کا اظہار نائب معتمدہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ عشرت مظہر نے ضلع مٹیاری کے تنظیمی دورے پر ارکان و ذمہ داران سے خطاب میں کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کو مستحکم کرنے کے لیے ہمیں بحیثیت ایک قوم کے مل کر جدوجہد کرنی ہے۔ ملک عزیز کے موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اپنی آپس کی رنجشوں اور منافرت کو بھلا دیں۔ مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف حالیہ ہونے والے دھرنے سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ جماعت اسلامی زبانی وعدوں اور دعوؤں کی سیاست نہیں کرتی بلکہ عملاً کام کرتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر حق دو عوام کو تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے ہر سطح کے کارکن کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ہمیں اس تحریک کو گھر گھر پہنچانا ہے خاص طور سے نوجوانوں تک جو ملکی آبادی کا 65 فیصد ہیں اور دعوت کے ساتھ تربیت و تنظیم سازی کا کام بھی کرنا ہے۔اس موقع پر ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع مٹیاری صفیہ شعیب اور انکی نائبین کے علاوہ ضلع بھر سے ارکان و ذمہ داران موجود تھیں#