خواتین کی صحت،تعلیم، معاشی مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے جاوداں فہیم

کراچی (صباح نیوز) معاشرے کے تمام طبقات تک رسائی کے لیے اپنے دعوتی پروگرام کو شہر میں تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔خواتین کی صحت،تعلیم، معاشی مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے ادارہ نور حق میں شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ نوجوان بچیوں، موثر  طبقات، میں کام کو وسعت دینے کے لیے نیچے کی سطح تک تنظیم سازی کی جا رہی ہے۔ کراچی کے وہ تمام ٹاونز جن میں جماعت اسلامی کے چیئرمین ہیں انہیں لائٹوں کے ذریعے روشن کیا گیا ہے۔ساتھ ہی ساتھ پارکس کی صورتحال بہتر بنا کر خواتین اور بچوں کے لیے تفریح کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔

ناظم آباد ٹاون میں عظیم الشان آزادی فیسٹیول رکھا گیا جس میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی این جی اوز کی خواتین نے شجر کاری مہم میں حصہ لے کر شہر کو دوبارہ سرسبز وشاداب بنانے کا عزم کیا۔ناظمہ کراچی نے کہا کہ عوام الناس کو جماعت اسلامی کی فلاحی سرگرمیوں سے روشناس کرانا بہت ضروری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پورے کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر ہر علاقے اور ضلع میں خواتین اور لڑکیوں کے اجتماعات ہو رہے ہیں جن کے ذریعے آزادی جیسی بڑی نعمت کی قدر اور پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کی کوششوں کا ساتھ دینے پر آمادہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے گلبرگ اور نیو کراچی ٹاون میں خواتین  یوسی اور ٹاون کونسلرز کی اسکولوں میں آزادی کی تقریبات میں شرکت اور شجر کاری مہم میں حصہ لینے کو سراہا اور کہا عوامی رفاحی کام دعوت کو پھیلانے کا بڑا ذریعہ ہیں۔