بارش نے سڑکوں کی ناقص تعمیر، سندھ حکومت و کے ایم سی کی کارکردگی کی قلعی کھول دی، منعم ظفر خان

کراچی (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں تھوڑی سی بارش نے شہر کی سڑکوں کی ناقص تعمیر اور سندھ حکومت و کے ایم سی کی کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے اوران کی نا اہلی و کرپشن بھی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ سڑکوں کی استر کاری سمیت نو تعمیر شدہ سڑ کیں بھی جگہ جگہ سے ادھڑ گئیں ہیں اور ان میں گڑھے پڑ گئے ہیں ، تباہ حال سڑکوں میں  CLICK  کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکیں بھی شامل ہیں ، جہانگیر روڈ کئی بار تعمیر ہوئی لیکن آج بھی تباہ حال ہے ، قبضہ میئر سڑکوں کی تعمیر کے لیے نئے ٹینڈرز دینے کے اعلانات کر رہے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ پہلے سڑکوں کی تعمیر میں ہونے والی کرپشن ، نا اہلی اور ناقص تعمیر کی تحقیقات کرائی جائیںاور اس عمل میں ملوث افراد اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

منعم ظفر خان نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں تھوڑی سی بارش میں شہر کی بیشتر سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں ، جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے اور روزانہ لاکھوں شہریوں کو دوران سفر شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، بالخصوص موٹر سائیکل سوار کمر اور ریڑھ کی ہڈیوں کے حوالے سے صحت کے مسائل کا بھی شکار ہو رہے ہیں ۔ سڑکوں کی خستہ حالی اور بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث شہری تھوڑا سا سفر بھی کئی کئی گھنٹوں میں طے کر پاتے ہیں اور ٹریفک جام کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں ۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی کی نا اہلی و کرپشن اور ناقص کارکردگی کے باعث کراچی کا انفرا اسٹریکچر پہلے ہی تباہ حال ہے ، بارش کے بعد رہی سہی کسر بھی پوری ہو گئی ہے ۔ ہر سال سڑکوں کی تعمیر اور استر کاری پر اربوں روپے کا بجٹ خرچ کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود شہر میں معیاری اور مضبوط سڑکیں عملاً نا پید ہیں ۔ کراچی صوبہ سندھ کے بجٹ کا 90فیصد حصہ فراہم کرتا ہے ، کراچی کے عوام ، تاجر اور صنعت کار سوال کرتے ہیں کہ ہمارے ٹیکس دینے کے باوجود ہمارے شہر میں معاری سڑکیں تعمیر کیوں نہیں ہوتیں اور شہر کا انفرا اسٹریکچر کیوں بہتر نہیں کیا جاتا ۔؟