کراچی/میرپورخاص (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے میرپورخاص پریس کلب کے دورے اور میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی گیس پٹرول سمیت بنیادی اشیاء پر ظالمانہ ٹیکسزنے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔بنیادی اشیاء کی ہوشربا قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے سبب عوام فاقوں سے مر رہی ہے لوگ خودکشیوں اور گھر کی ضروری اشیاء بیچنے پر مجبورہیں۔حکمران اور اشرافیہ ملکی خزانے سے اپنی مراعات،لگژری گاڑیاں ، مفت پٹرول و بجلی مفت بیرون ملک علاج سمیت اپنی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہے ہیں۔آئی پی پیز معاہدوں کے نام پر سالانہ ہزاروں ارب روپے عوام سے وصول کرکے من پسند اشرافیہ کو نوازا جارہا ہے۔
تاجر دوست اسکیم کے ذریعے ناجائز ٹیکس کا نفاذ تاجروں کا معاشی قتل ہے جماعت اسلامی عوام پر جاری اس ظلم کے ظالمانہ نظام کو عوامی تائید سے اکھاڑ پھینکے گی۔ملک پرفارم سینتالیس کی بنیاد پر ناجائز مسلط حکمراں بنگلہ دیش کے حکمرانوں کے انجام سے عبرت پکڑیں۔مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کو ان کے محلات سمیت نشان عبرت بناسکتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم کی قیادت میں ملک گیر حق دو عوام تحریک پچیس کروڑرپاکستانیوں کے دلوں کی آواز اور ترجمانی ہے۔حافظ نعیم الرحمن کی جرات مند اور نڈر قیادت ہی ملک پر مسلط اشرافیہ سے چھڑا سکتی ہے۔اس موقع پرڈپٹی سیکریٹری سندھ حافظ طاہر مجید ، سیکریٹری اطلاعات سندھ مجاہد چنا ،صدر پریس کلب نذیر پہنور ، سیکریٹری پریس کلب عاطف بلوچ ، سینئر صحافی سلیم ازاد ، محمد خالد ،شوکت پہنور ، اظہر کریم جیلانی سمیت دیگر صحافی اور امیر ضلع حافظ سلمان خالد ،قائمقام مقامی امیر ظفر اقبال مجاہد بھی موجود تھے۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہاکہ جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی البتہ جمہوریت و ائین کی بالادستی کے لیے اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔