کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ یہ ملک اللہ کی امانت ہے اس کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے۔ حکمرانوں نے امریکی غلامی و عیاشی کے لیے پٹرول گیس کوئلہ اورزراعت کی دولت سے مالا مال ملک کو تباہ کردیا ہے۔ بجٹ کا آدھا حصہ سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔ 2 ہزار ارب مفت میںآئی پی پیز کو دے رہے ہیں جس کے لیے اضافے ٹیکسزلگاکر عوام کی جیبوں پرڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ 15 سے بڑھا کر 70 روپے فی یونٹ بجلی ہوگئی ہے بجلی بل عوام کے لیے موت کا پروانہ بن کر آرہے ہیں۔گیس بجلی بل پر جی ایس ٹی ، پیٹرول پر لیوی ٹیکس حتیٰ کہ بچوں کے دود اور مصالحہ جات پر بھی ٹیکس لگاکر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں آغوش سینٹر ہالا میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کا بڑا نوکر ثابت ہوئے ہیں جس نے بچوں کے دودھ کے ساتھ پنسل وکاپی پربھی ٹیکس لگادیا ہے۔جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمان کی زیرقیادت مہنگی بجلی اورظالمانہ ٹیکسز کے خلاف 14دنوں تک دھرنا دیکر عوام کی ترجمانی کی اگر حکمرانوں نے اپنا شاہانہ طرززندگی نہ بدلا اوربجلی ریٹ پر نظر ثانی نہ کی تو بنگلہ دیش کی صورتحال سے سبق سیکھ لیں۔انہوں نے مزید کہاکہ قرآن وسنت کے نفاذ کے ذریعے ہی ملک کو مہنگائی بدامنی سمیت تمام بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔