چکوال ،باپ کی فائرنگ ،ایک بیٹی قتل، دوسری زخمی


چکوال (صباح نیوز) چکوال میں باپ کی فائرنگ سے ایک بیٹی قتل اور دوسری زخمی ہو گئی ۔

پولیس کے مطابق واقعہ چکوال کے علاقے بھون کلر کہار میں پیش آیا جہاں سنگدل باپ نے اپنی 2 جوان بیٹیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ دوسری بیٹی کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ملزم باپ محمد زمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ باپ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی 13 سال کی دوسری بیٹی کو طبی امداد کے لئے پہلے ڈی ایچ کیو بعد میں راولپنڈی کے ہسپتا ل منتقل کیا گیا ۔

ملزم ٹرک ڈرائیور ہے جو کافی عرصے سے بے روزگار اور نشے کا عادی ہے جس کی وجہ سے اس کا اکثر بیوی سے گھریلو جھگڑا رہتا تھا، بیوی ناراض ہو کر میکے میں بیٹھی ہوئی تھی، ملزم کے 6 بچے ہیں، جن میں ایک بیٹا اور 5 بیٹیاں شامل ہیں، قتل کی مبینہ واردات گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ ملزم مشتعل ہو کر اپنے تمام بچوں کو قتل کرنا چاہتا تھا تاہم گولیاں پھنس جانے کی وجہ سے پسٹل نے اس کا ساتھ نہ دیا جس پر وہ جائے وقوع سے فرار ہو گیا۔ایس ایچ او تھانہ کلر کہار بدر منیر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے۔چکوال پولیس کے مطابق ملزم باپ کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔