کراچی/ٹنڈو آدم ( صباح نیوز )14اگست2024 امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے مطالبات پر عمل کرکے عوام کو ریلیف نہیں دیا تو دوبارہ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ مہنگائی بجلی بلوں میں اضافہ اور بجٹ میں ظالمانہ ٹیکسز نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔پاکستان اللہ کا انعام ہے، اس کی تعمیر و ترقی اور حفاظت پوری قوم کی ذمے داری ہے۔آزادی کی قدر غلام قوموں سے پوچھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس قبل انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی تقریب سے خطاب بھی کیا۔اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ طاہر مجید، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر عبدالغفور انصاری ، نائب امیر مشتاق احمد عادل ، مقامی امیر عبدالستار انصاری و دیگر بھی ساتھ موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 76 سال سے کرپٹ و جعلی مسلط قیادت نے قوم کو مہنگائی بدامنی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ اہل و دیانتدار قیادت ہی ملک و قوم کو تقدیر بدل سکتی ہے۔ جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں 14 دن عوامی مسائل کے حل کے لیے دھرنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے مالکان کا تینوں اقتدار میں رہنے والی جماعتوں کے افراد اور اشرافیہ سے ہے جن کی وجہ بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے روزانہ پیڑول و ڈیزل بارڈر سے اسمگل ہوکر پہنچتا ہے حکومت امریکہ کے خوف سے ایران سے پیڑول و گیس کے معاہدے پر عملدرآمد نہیں کررہی حکمران ملک کو امریکی کالونی بنانا چاہتے ہیں حکمرانوں نے نہ اپنے شاہانہ اخراجات اور نہ پروٹوکول میں کمی کی ہے اور سارا بوجھ عوام پر ٹیکسوں کی صورت میں لاد دیا ہے
انہوں نے کہا کہ سندھ میں منشیات کی لعنت نے نوجوان نسل کو تباہ و برباد کردیا ہے امن و امان کی صورتحال خراب ہے اغوا برائے تاوان کے واقعات ہورہے ہیں مگر سندھ پولیس منشیات کی روک تھام اور اغواء کرنے والوں اور انکے سرپرستوں کو گرفتار کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے پریا کماری سمیت بہت سے لوگ ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں انہوں نے کہا کہ عوام اپنی آنکھیں کھولیں ناجائز ٹیکسوں والے بجلی و گیس کے مہنگے بل ، سلیب سسٹم ،دواؤں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے مرتکب یہی حکمران جماعتیں ہیں اس وقت ملک میں مہنگائی اور لوٹ کھسوٹ کے خلاف صرف جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی میں میدان عمل میں ہے۔ بعد ازاں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے پریس کلب ٹنڈوآدم کے خازن سلمان شیخ کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔