پشاور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ اتفاق اور اتحاد کے بنیاد پر قومیں آگے بڑھتی ہیں،معاشرے میں دھوکہ ،فریب اورکام چوری زیادہ ہے، ہر بندہ اپنا فرض ادا کرے تو مسائل ختم ہو جائیں۔
پشاور میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں پورے پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کے وجود کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا،ہمارے آبا ئواجداد نے قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ اتفاق اور اتحاد کے بنیاد پر قومیں آگے بڑھتی ہیں، ہم عوام کے ووٹ سے آئے ہیں اور پیسہ عوام پر ہی لگانا ہے، ہم نے مل کر ملک کی خدمت کرنی ہے، اور عوام کا پیسہ عوام پر لگانا ہے، مجھے خصوصی طورپر نوجوانوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں آپ نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔
علی امین گنڈا پورنے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات دینے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہے، نوجوانوں کو پیغام ہے کہ ایمانداری سے کام کرنا ہے، معاشرے میں دھوکہ ،فریب اور کام چوری زیادہ ہے، ہر بندہ اپنا فرض ادا کرے تو مسائل ختم ہو جائیں۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم ایک عظیم قوم ہے، ہم نے متحد ہو کر اپنا اپنا کردار اداکرنا ہے اور پاکستان کو مل کرایک عظیم ملک بنانا ہے۔