پشاور(صباح نیوز)5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے کی۔
صوبائی کابینہ اراکین انور زیب، بیرسٹر محمد علی سیف، عارف احمد زئی، ظہور شاکر کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری،سماجی شخصیات اور طلبہ کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء کی جانب سے کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
ریلی وزیر اعلی سیکرٹریٹ سے شروع ہوکر گورنر ہاؤس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہیں اور اس ریلی کے انعقاد کا مقصد عالمی برادری کو ان وعدوں کا یاد دلانا ہے جو انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شکل میں کشمیری عوام کے ساتھ کیے ہیں جو کئی عشرے گزرنے کے باوجود پورے نہیں ہوئے اور اب وقت آگیا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق دینے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کا مقصد قابض بھارتی سرکار کو بھی ان کے ظلم و جبر کی یاد دلانا ہے جو وہ گذشتہ کئی سالوں سے معصوم کشمیری عوام پر ڈھا رہی ہے اور کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کی عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا سنجیدگی سے نوٹس لے، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں۔ گورنر اور وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کی نہ صرف مکمل حمایت کرتی ہے بلکہ اس سلسلے میں عالمی فورمز پر بھر آواز بھی اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اٹھایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستانی عوام آزادی کی جدو جہد میں کشمیری عوام کے ساتھ تھے ، ہیں اور آزادی کے حصول تک ان کے ساتھ رہیں گے۔