لاہور(صباح نیوز) پاکستان کے قیام کو 77 برس گزر گئے ہیں۔ یومِ آزادی کے تاریخی موقع پرحنہ بی بی ناظمہ اعلی اسلامی جمعیت طالبات پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا مقصدِ قیام اسلام کو تقویت دینا ، وطن عزیز کو اسلام کا قلعہ بنانا اور مسلمانانِ برصغیر کو ایک آزاد اور خود مختار حیثیت دینا تھا۔ آج مملکت پاکستان میں شر پسند اور باطل عناصر اپنی پوری قوتیں لگا کر اس کی نظریاتی اساس کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔ نوجوانوں کو بالخصوص اس پاک سرزمین سے مایوس کیا جا رہا ہے۔ انھیں ان تاریکیوں میں گمراہ کر کے پاکستان کی جڑیں کمزور کی جا رہی ہیںلاکھوں لوگوں کی قربانیوں و کئی دہائیوں کی جدوجہد کے بعد وجود میں آنے والی یہ ریاست عالمِ اسلام کی تمناؤں کا مرکز ہے۔
یہ امت ایک کلمہ کے تحت متحد ہے۔ کشمیر، پاکستان کی شہ رگ ہے اور فلسطین کی آزادی کے بغیر پاکستان کی آزادی نامکمل ہے۔ یہ نغمہ فصل گل و لالہ کا نہیں پابند بہار ہو کہ خزاں لا الہ الا اللہ ہم بطورِ طالبات کی نمائندہ تنظیم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ ملک جس مقصد کے لئے وجود میں آیا تھا وہ اللہ کی مدد و نصرت سے پورا ہو کر رہے گا۔ ان شا اللہ۔ اس کے ساتھ ہم اس بات کا بھی عزم کرتے ہیں کہ پاکستان کی بقا اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے اپنے تمام تر وسائل اس امید پر لگائیں گے کہ اس ملک میں امید کی کرن ہمیشہ جگمگاتی رہے اور ہم اس ملک اور امت مسلمہ کے لئے ہمیشہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔