ٹائم فریم پر عمل نہ ہوا تو جماعت اسلامی سول نافرمانی کی کال دے گی امیر العظیم


لاہو ر(صباح نیوز) قیم جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت سے 45 دن کا معاہدہ کر لیا ہے۔ٹائم فریم پر عمل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی سول نافرمانی اور ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے۔آج لاہور کا جلسہ تاریخ رقم کرے گا،بجلی بلوں کے ستائے ہوئے اور مہنگائی سے پریشان عوام آج کے جلسے میں شریک ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیئرنگ کراس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،اس موقع پرامیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ،خالد احمد بٹ ،عام نثار خان،احمد سلمان بلوچ،جبران بن سلمان بٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑا ہے،مہنگی بجلی،ظالمانہ ٹیکسز اور آئی پی پیز سے چھٹکارا ہی ملک میں عام آدمی کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ اسلام آباد میں دھرنا دے کر تاریخ رقم کی ہے،لاہو ر کا جلسہ بھی پاکستان کی 25 کروڑ عوام کے لیے خوشحالی کی نوید ہوگا۔ جماعت اسلامی نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ہے اور عوامی مطالبات کے حوالے سے بھر پور مہم چلائی ۔45 دن کا الٹی میٹم دیا ہے،اگر حکومت سستی کا مظاہرہ کرے گی تو اپنے لیے مسائل پیدا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک مخالف قوتوں کا ایندھن نہیں بننا چاہتی،تشدد اور شر پسند انہ سر گرمیوں کے نتیجے میں عام آدمی کانقصان ہوتا ہے،اس لیے ہم پر امن جمہوری سیاسی جدو جہد پر یقین رکھتے ہیں۔