الخدمت اور شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مابین معاہدہ طے پا گیا

کراچی(صباح نیوز)  الخدمت کراچی نے کیماڑی کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ( IT)کی جامع تربیت فراہم کرنے کے لیے شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک ایم او یو( MOU )پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے پر دستخط کی سادہ تقریب الخدمت ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جس میں چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اور ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی، شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ٹرسٹی وبانی شیراز خان جدون اور مدثر ظفر اقبال پرنسپل( ایس کے آئی ٹی )موجود تھے ۔معاہدے کے مطابق شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کیماڑی کے نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروانے میں الخدمت کو معاونت فراہم کرے گا ،

اس موقع پر چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ الخدمت نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں باصلاحیت اور قابل بنانا چاہتی ہے تاکہ نوجوان اپنے خاندان کی کفالت کر کے باعزت روزگار کما سکیں اور ملک وقوم کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے میں الخدمت نے  بنو قابل  پروگرام شروع کیا ہوا ہے ،جس میں بڑی تعداد میں نوجوان فری آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد روزگار کمانے کے قابل ہو گئے ہیں ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ  بنو قابل  پروگرام کا دائرہ پورے ملک میں پھیل چکا ہے اور نوجوانوں میں آگے بڑھنے اور آئی کی دنیا میں نام بنانے کا جذبہ پیدا ہوا ہے ۔انہوں نے شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ساتھ معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ۔ شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ٹرسٹی وبانی شیراز خان جدون نے کہا کہ الخدمت کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں کیماڑی کے طلبہ کو آئی ٹی کی تعلیم دینا ان کے لیے اعزاز کا باعث ہے ۔ان شااللہ الخدمت اور ہمارا ادارہ مل کر نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں اپنا مستقبل بہتر روشن بنانے میں معاون ثابت ہوگا ۔