مظفر آباد(کے پی آئی)حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ شہید عز یمت شیخ عبد العزیز انتہائی مخلص،دلیر اور باعمل رہنما تھے۔اپنا مقدس لہو نچھاور کرکے یہ پیغام دیا کہ اہل کشمیر کی تحریک حق و صداقت پر مبنی ہے، جوضرور کامیابی کی منزل سے ہمکنار ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہید عز یمت شیخ عبد العزیز انتہائی مخلص،دلیر اور باعمل رہنما تھے۔ انہوں نے پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور تحریک آزادی جموں و کشمیر کیلئے وقف کررکھی تھی۔انہوں نے ہر سختی،ہر آزمائش کا صبر و استقامت کیساتھ مقابلہ کیا۔بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں کی سختیاں برداشت کیں لیکن اپنے نظریے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔میرا ان کیساتھ ہمیشہ کافی گہرا اور مضبوط تعلق رہا۔ان کی مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی اور غلبہ اسلام کیلئے جدوجہد مثالی تھی۔انہیں اس بات کا یقین تھا کہ اس جد وجہد کے نتیجے میں جموں کشمیر کا یہ خطہ ضرور آزاد ہوگا۔انہیں شہادت کی تمنا بھی تھی اور یقین بھی تھا کہ انہیں ضرور شہادت نصیب ہوگی۔
سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جدوجہد میں ثابت قدم ر ہیں اور جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا نے میں اپنا ہر ممکنہ کردار ادا کریں۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے شہید رہنما کی بلندی درجات کی دعا بھی کی اور اس عزم کو دہرایا کہ حصول منزل تک پوری قوت سے یہ جدوجہد جاری رہے گی اور کسی بھی طالع آزما کو مقدس لہو سے سینچی گئی اس تحریک کے ساتھ غداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔