راولپنڈی(صباح نیوز)راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کی وجہ سے نالا لئی سے ملحقہ آبادیوں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور پر 65 ملی میٹر ، گولڑہ پر 51 ملی میٹر، پی بوکڑہ 110 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔ اسی طرح کچہری کے علاقے میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں پر 10 فٹ اور گوالمنڈی پر 9.5 فٹ ہو چکی ہے، جس کے بعد گوالمنڈی پر پری الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ کئی مقامات پر گھروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ راولپنڈی کے شالے ویلیج، ٹینچ بھاٹہ، پیپلز کالونی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ اہل علاقہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
دریں اثنا راولپنڈی کے علاقے فوجی کالونی میں بارش کے دوران ایک گھر گر گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوع پر بھیجا گیا۔ گھر نالے کے کنارے بنا ہوا تھا اور ممکنہ طور پر موسلادھار بارش کی وجہ سے گر گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق خوش قسمتی سے گھر پر کوئی موجود نہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہواعلاوہ ازیں اندرون شہر کی تمام گلیاں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔