اسلام آباد، مظفر آباد: پاکستان آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں ہفتے کوجدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا۔ یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان آزاد کشمیر اور وفاقی دارلحکومت میں عام تعطیل رہی ۔ اس موقع پراسلام آباد سمیت ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں ۔
تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے 5فروری کو کشمیریوں سے تاریخی اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی تقاریب منعقد کیں۔ یوم یک جہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرنا ہے ۔یوم یک جہتی کشمیر کے پروگراموں میںمظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر اور عالمی برادری کو دیرینہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں یاد دلائی گئی ہیں ۔5فروری کو اندرون وبیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں نے اپنے کشمیری بہنوں اوربھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے آواز پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔
کے پی آئی کے مطابق کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 5 فروری کوپورے ملک میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔۔شاہراہ دستور اسلام آباد میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں صدر مملکت،وفاقی وزرا،قومی اسمبلی و سینٹ ممبران اور عوام نے شرکت کی۔صدر پاکستان عارف علوی نے مظفر آباد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا ۔بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے خصوصی تقاریب ،جلسوں کا اہتمام کیا،سیمینارز منعقد کیے ۔سول ایویشن،پاکستان ریلوے،میٹرو بس اور این ایچ اے ہوائی اڈوں،ریلوے اسٹیشنز،میٹرو بس اسٹیشنز اور ٹول پلازوں پر یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے بینرز آویزاں رہے ۔
اسلام آباد کی تمام اہم شاہراں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں تھے ۔ اس کے علاوہ تمام شہروں کے بڑے پلازوں،شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے بینرز لگانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔تمام صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان نے اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب،سیمینارز، تصاویری نمائش، ریلیز،تقریری مقابلوں،جلسے جلوس، سکول وکالجزمیں مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں کا اہتمام کیا تھا۔ان سرگرمیوں میں تمام صوبوں کے وزرا اعلی و دیگر سینئر وزرا نے شرکت کی۔ آزادکشمیر حکومت نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے بھرپور انتظامات کر رکھے تھے مظفر آباد اور آزادکشمیر کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں خصوصی ریلیز،سیمینارز،تصویری نمائشوں مضمون نویسی اور تقاریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔کوہالہ پل سمیت آزادکشمیر سے ملنے والے تمام راستوں پر تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔