کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے شہروں، دیہات میں بارش کے پانی کی نکاس کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے کاشف سعید شیخ


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ جنگی بنیادوں پر کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے شہروں، دیہات میں بارش کے پانی کی نکاس کرکے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے،معمولی بارشوں سے آنے والی تباہی، روڈ راستوں پر پانی کی موجودگی پیپلزپارٹی کی سولہ سالہ اقتدار کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے ملک میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان اور کھڑی فصلوں، گھروں کو ہونے والے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کی بارشیں اللہ کی رحمت ہیں مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے زحمت بن جاتی ہیں،محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتوں پہلے بارش کی پیشگوئی کرنے کے باوجود نالوں ،گلیوں کی صفائی سمیت ناقص اقدامات کی وجہ سے ہونے والے نقصانات نے انتظامیہ کی نااہلی اور بدانتظامی کو ثابت کردیا ہے۔سندھ میں کراچی، نواب شا،حیدرآباد، لاڑکانہ،سکھر سمیت کئی شہروں میں بارش کا پانی مساجد،گھروں اور دکانوں میں داخل ہوچکا لیکن عوام کی دادرسی کرنے والا کوئی نہیں ہے، تمام سرکاری ادارے فوٹوسیشن تک محدود ہیں، کراچی میں پانی سپلائی کرنے والا ادارہ واٹربورڈ نام نہاد جعلی میئر کے زیر نگرانی جبکہ سالڈ ویسٹ بھی سندھ حکومت کے کنٹرول میں ہونے کے باوجود سندھ کے دارلحکومت کراچی کا یہ حال ہے تو باقی ماندہ شہروں کے عوام کس عذاب سے گذررہے ہونگے۔ آئندہ ہفتے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کی جارہی ہے اس لئے سندھ حکومت وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سمیت تمام ادارے جنگی بنیادوں پر عوام کو مزید نقصانات سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کریں تاکہ لوگوں کی قیمتی اشیاء اور جان ومال  محفوظ ہوسکیں۔