ڈھاکہ (صباح نیوز) بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ، آرمی چیف نے انہیں 45 منٹ کی ڈیڈلائن دی تھی ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم حسینہ واجد بھارت فرار ہوگئی ہیں ، برطانوی ویب سائٹ اسکائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اور ان کی بہن گنابھابن وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ سے ہیلی کاپٹر پر بھارت چلی گئی ہیں، حسینہ واجد تقریر ریکارڈ کرنا چاہتی تھی لیکن انہیں ایسا کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقارالزماں کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کرینگے۔ میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کے خلاف اس وقت بھی چار لاکھ سے زیادہ افراد سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم مخالف طلبہ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے بعد پرتشدد احتجاج میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی ، بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ ان جھڑپوں میں 14 پولیس افسران سمیت 95 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ مجموعی طور پر حکومت مخالف احتجاج سے اب تک 300 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔فوج نے اتوار کی شام دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے بڑے شہروں میں غیر معینہ مدت کے لیے ایک نیا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ہے، حکومت نے ملک بھر پیر سے بدھ تک عام تعطیل کا بھی اعلان کردیا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے والے طلبہ کو دہشتگرد قرار دیاتھا ۔ اس سے قبل موجودہ آرمی چیف وقار الزماں نے ہفتے کے روز ڈھاکا میں فوجی ہیڈکوارٹرز میں افسران کو بتایا کہ بنگلہ دیش کی فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ فوج ہمیشہ لوگوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور عوام کی خاطر اور ریاست کی کسی بھی ضرورت میں ایسا کرے گا۔شیخ حسینہ واجد جنوری 2009 سے 2024 تک مسلسل بنگلہ دیش کی وزیراعظم رہیں۔
شیخ حسینہ واجد 28 ستمبر 1947 کومشرقی بنگال میں پیداہوئیں،بنگلہ دیش کے پہلے صدرشیخ مجیب الرحمن کی صاحبزادی ہیں،شیخ حسینہ واجدجنوری 2009 سے 5اگست 2024 تک مسلسل بنگلہ دیش کی وزیراعظم رہیں ۔شیخ حسینہ واجد 1996سے 2001 ، 2009 سے 2014 تک بنگلہ دیش کی وزیر اعظم رہیں،2014 میں وہ میں تیسری مدت کے لیے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوئیں۔2018 میں شیخ حسینہ واجدچوتھی مدت حاصل کرنے میں کامیابی ہوئیں،3 اگست 2024 کو وہ دنیا کی طویل ترین حکومت کرنے والی پہلی خاتون سربراہ بن گئیں۔ گزشتہ ماہ سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج شروع ہوا،جس میں اب تک 300 شہری ہلاک ہوچکے ہیں