عوامی حقوق حاصل کر کے دم لیں گے ، لیاقت بلوچ


راولپنڈی (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے نائب امیر   لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوامی حقوق حاصل کر کے دم لیں گے ، مٹھی بھر طبقے کی عیاشیاں زیادہ دیر برقرار  نہیں رہ سکتیں ، پچیس کروڑ عوام کا مقدمہ لڑیں گے ، سرخروئی شرکاء دھرنا کو ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ مری روڈ اتوار کی شب دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، ڈاکٹر طارق سلیم ، شیخ عثمان فاروق ، ڈاکٹر مولانا عطاء الرحمان نے بھی دھرنے سے خطاب کیا ۔ ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی کے نائب قیم نے وزیر توانائی اویس لغاری سے  مناظرے کا چیلنج قبول کر لیا

شرکاء دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا  یہ دھرنا تمام طبقات کی نمائندگی کر رہا ہے ، ایک ایک گھر ایک ایک دکان ہر دفتر میں دھرنے کا ذکر ہو رہا ہے ، شرکاء دھرنے کو سب خراج تحسین پیش کر رہے ہیں اور ان کی توقعات وابستہ ہیں بیرون ملک پاکستانیوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہو ۔ نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان سیاسی آئینی جمہوری پارلیمانی  انتخابی بحرانوں سے دوچار ہے ۔ سیاست عدلیہ اسٹیبلشمنٹ ریاست ادارے باہم دست و گریبان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی کرپشن بد امنی بد انتظامی سرکاری دھوکہ دہی عالمی اداروں کے سامنے ملک کی کمزوری بن گئی ہے ۔ ہم پچیس کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ۔ بل کی ادائیگی ناقابل برداشت ہو چکی ہے ۔ پٹرول کی قیمتوں کی وجہ سے اور مہنگی بجلی نے تجارت معیشت کا پہیہ جام کر دیا  ہے ۔ نجی اور سرکاری شعبے کے ملازمین کا گزارہ مشکل ہو گیا  ہے ۔ ٹیکسوں کی بھرمار نے زندگی گزارنا نا ممکن بنا دیا ہے ۔ مٹھی بھر طبقے کی عیاشیاں قوم میں بے چینی کو فروغ دے رہی ہیں غیر ترقیاتی اخراجات سے دستبردار ہو جاؤ ۔ ناروا ٹیکسوں کو واپس لو آئی پی پیز سے معاہدے تباہی کا باعث ہیں ۔ مطالبات کے لیے حکومت کے پاس رد کرنے کے لیے کوئی دلیل نہیں ہے ۔ مسئلہ حل کرنا ہو گا حقوق حاصل کر کے دم لیں گے ۔ دھرنا وسیع ہوتا جا رہا ہے عوام کی شرکت بڑھتی جا رہی ہے ۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ یہ وہی اویس لغاری بول رہا ہے جس کے باپ فاروق لغاری نے صدر کی حیثیت سے وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف ریفرنس کیا اور جرائم میں آئی پی پیز کے معاہدے بھی شامل کئے تھے ۔ اویس لغاری جاؤ اپنے باپ کی قبر پر بیٹھ کر مذاکرہ کرو ۔ آواز آئے گی مگر تم تو سننے کے قابل ہی نہیں ہو ۔ بے نظیر بھٹو کے خلاف اسی خاندان نے سازش کی تھی ۔ اپنے دائرے میں رہو اور مسائل کا حل تلاش کرو اور بات کرو۔

ڈاکٹر سلیم طارق نے کہا کہ عوامی بیداری کی جو تحریک حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں لیاقت باغ سے شروع ہوئی وہ سارے ملک میں پھیل چکی ہے ۔ کراچی سے خیبر ، چترال سے گوادر تک ، آٹھمقام کشمیر تک دھرنے کے اثرات محسوس کئے جا رہے ہیں اگلے دنوں میں لاہور ، پشاور ، کوئٹہ میں دھرنے ہوں گے ۔ کراچی کے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا جاری ہے ۔ دھرنے کا بیانیہ ہر گھر کا بیانیہ بن چکا ہے ۔ دھرنا نوجوانوں طلباء محنت کشوں مزدوروں کسانوں ہاریوں کے جذبات کی عکاسی کر رہا ہے  ۔ وفاقی وزراء عقل کے قاتل نہ بنیں ۔ مہنگی بجلی کی وجہ سے ہر گھر میں حکمرانوں کو بد دعائیں مل رہی ہیں ۔ پارٹیاں بدلنے والے عوام کے دکھ درد کو کیا جانیں ۔ حقوق مانگنے سے نہیں ملتے یہ چھینے جاتے ہیں ۔

ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری شیخ عثمان فاروق نے مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے متنازع معاہدوں کے معاملے پر وزیر توانائی اویس لغاری کے مناظرے کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان سے تو ملک ریاض مراد علی شاہ مذاکرہ نہ کر سکیں ۔ میرا تعلق تیرے ہی ضلع سے ہے ۔ پیپلز پارٹی مسلم لیگ قاف ، ملت پارٹی ، پی ٹی آئی کے بعد مسلم لیگ ن میں آنے والے اویس لغاری حقائق پر مبنی یہ ویڈیو میں تیری وزارت بھیج رہا ہوں کہ فورٹ منرو میں تیرے گھر کے بجلی کا بل 131 روپے آیا ہے جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے ۔ کرپشن مال محل بنانے والے اپنے بھائی کو چیئرمین واپڈا لگوا دیا ۔ جواب دینا ہو گا وزارت کے ترجمان نے جواب دینا ہو گا اور اگر میری باتیں غلط ثابت ہوئیں تو کمیٹی چوک پر پھانسی چڑھنے کو تیار ہوں ورنہ ہر دور میں وفا داریاں تبدیل کرنے والے اویس لغاری کو حقائق تسلیم کرنا ہوں گے اور امیر جماعت سے معذرت کرنا ہو گی ویسے بھی اخلاقیات سے لوٹوں کا کیا تعلق مناظرے کا منتظر رہوں گا ۔