جامشورو میں شدید بارش، مکان کی چھت گرنے سے 2افراد جاں بحق


جامشورو(صباح نیوز)جامشور، میرپورخاص اور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں  تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری  رہا، جامشورو میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنارہا۔

اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جامشورو میں کوہستانی علاقے میں بارش نے تباہی مچادی، مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد بھیڑ بکریاں برساتی پانی میں بہہ گئیں، کئی دیہات کا جامشورو سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔اس کے علاوہ میرپورخاص، نوشہرو فیروز، بھٹ شاہ، نیو سعیدآباد، مٹیاری، ہالا اور مٹیاری سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔