دھرنے سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی ، پیچھے نہیں ہٹ سکتے،حق لے کر اٹھیں گے،حافظ نعیم الرحمان


راولپنڈی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دھرنے سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی ہے، اس دھرنا سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، عوامی مسائل پر ہی سیاست ہوگی، اپنا حق لے کر اٹھیں گے، حکومت کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں، تین دن سے مذاکراتی کمیٹی تلاش گمشدہ کا اشتہار بنی ہوئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے قطر سے واپسی پر دھرنے کے نویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی دھرنے کا  9واں دن ہے، ہمارا دھرنا عوامی قوت بنتا جارہا ہے، دھرنے  کے شرکا پرامن طریقے سے یہاں موجود ہیں، شرکا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دھرنا پاکستان کی تاریخ میں ایک موڑ ثابت ہوگا ،سیاسی عمل عوام کے مسائل کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر دھرنے میں لوگوں کا اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دھرنا سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی ہے، اس دھرنا سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، عوامی مسائل پر ہی سیاست ہوگی، اپنا حق لے کر اٹھیں گے، عوام کی مصیبتوں کو ختم کیا جائے، یہی ہماری سیاست ہے،اگرچہ کراچی میں شدید بارش، آندھی اور طوفان ہے لیکن اس کے باوجود کراچی میں  دھرنا شروع ہوجائے گا، پھر دھرنوں کا سلسلہ رکے گا نہیں، پورے ملک میں دھرنوں کا سلسلہ بڑھتا چلا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ بجلی کے بلوں سے لوگ انتہائی پریشان ہیں، میں جب قطر نماز جنازہ کے لئے روانہ ہوا تو ائیرپورٹ پر ایسے لوگ ملے جنہوں نے موٹر سائیکل بیچ کر بجلی کے بل ادا کئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ذاتیات اورخاندان کی سیاست چلتی رہے، لیکن پاکستان میں نیا کلچر متعارف کرایا جارہا ہے اور ملک میں الیکٹیبلز کی سیاست ختم ہورہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اضافی ٹیکس ، آئی پی پیز ، جن کا تعلق حکومت سے ہے ان کی کیپسٹی پیمنٹ توابھی ختم ہوسکتی ہے ،عوام اضافی ٹیکسز ادا نہیں کرے گی۔حکومت کے ساتھ مذاکرات بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مذاکرات کے  2ادوار ہوئے حکومت کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں، تین دن سے مذاکراتی کمیٹی تلاش گمشدہ کا اشتہار بنی ہوئی ہے، غریب، مڈل کلاس اور تاجر سب پریشان ہیں ، چاول ،چینی اور آٹا پر سب ٹیکسز کو ختم کیا جائے،وزیراعظم 1300سی سی گاڑی میں خود کیوں نہیں بیٹھ سکتے؟ 1300سی سی گاڑی میں تو پلیٹ لیٹس کامسئلہ نہیں ہوتا، عوام حکومتی مراعات اپنے بلوں میں کیوں ادا کریں؟ ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن میں خلاف ورزی پر عالمی عدالت کا کوئی خوف نہیں، جومعاہدے ہی غلط ہوں اس کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب کیلئے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو د یتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بل بڑھنے کی وجہ سے ہر گھر میں کہرام ہے، تنخواہ دار طبقہ پریشان ہے، ان پر ٹیکس کا سلیب بھی بڑھا دیا گیا ہے، مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، جو لوگ کرائے کے گھر میں رہتے ہیں ان کے مسائل ہیں، کرائے اور تنخواہ سے زیادہ بجلی کا بل آ رہا ہے، بچوں کی تعلیم کے مسائل ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے پوڈ کاسٹ کے دوران کہا کہ ہم کراچی میں بھی دھرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کراچی میں بھی حکومت کے خلاف دھرنا دیں گے، دھرنا کب ختم ہوگا یہ حکومت پر منحصر ہے، ہم نہیں جانتے کہ دھرنا کب ختم ہوگا، جب حکومت مطالبات مان لے گی تو دھرنا ختم ہو جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اپنی مراعات چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہے مگر عوام پر بوجھ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، کچھ خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کروڑوں عوام کو مشکل میں ڈالا جا رہا ہے۔ ۔ بجلی چوری روکنے سے متعلق بات کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکومت بجلی چوری روک سکتی ہے، جو بجلی چوری کرتا ہے اسے بجلی کا بل زیادہ بھیجا جائے، جن علاقوں میں بجلی چوری نہیں ہو رہی وہ کیوں کسی اور کی غلطی کا  خمیازہ بھگت رہے ہیں، حکومت کے پاس طاقت ہے، رٹ ہے وسائل ہیں تو چوروں کو پکڑیں، یہ چور ہم کیوں پکڑیں، حکومت کو چاہیے کہ بجلی چور پکڑیں اور جائز استعمال پر جائز بلز بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے نے گزشتہ سال 368 ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا، جاگیرداروں نے کتنا ٹیکس ادا کیا، 5 ارب روپے بھی نہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میں چھوٹے کسان کی بات نہیں کر رہا، میرا کہنا ہے کہ آپ بڑے زمین داروں پر ٹیکس لگا دیں جس کے پاس 20 ایکڑ سے زائد زمین ہے اس پر فی ایکڑ ٹیکس لگا دیں، اس سے  بہت بڑا ریوینیو جنریٹ ہوگا، اس سے آپ تنخواہ دار طبقے اور بلوں پر ریلیف دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سول انجینئر ہوں، میرا ذاتی ذریعہ معاش ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت ہے، میں 19 برسوں سے ایک نجی کمپنی کے ساتھ منسلک ہوں،اثاثوں سے متعلق سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس سوال کو چھوڑیں، یہ پورا ملک ہمارا ہے، یہ ملک ،اس کی قوم ہمارا اثاثہ ہے ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میرے چار بچے ہیں، ایک بیٹی اور 3 بیٹے اور ایک اہلیہ ہیں، میری شادی مکمل طور پر ارینج میرج تھی۔