جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے کل گورنرہاؤس کے سامنے دھرناعوام کی آواز ہے ،کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے مہنگی بجلی،لوڈشیڈنگ، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کیخلاف جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے ہفتہ 03اگست کو گورنرہائوس کے سامنے دھرنے کو عوام کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی دھرنے میں کراچی سمیت سندھ بھر سے کارکنان بھرپور شرکت کریں، ملک میں بدترین مہنگائی،بجلی،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس کی وجہ سے عوام دوقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں جبکہ حکمران طبقہ اور اشرافیہ اپنی مراعات میں کمی کی بجائے آئے روز اضافہ کرتے رہتے ہیں جس سے ان کی عوام دشمنی اور بے حسی صاف عیاں ہوچکی ہے۔

صوبائی جنرل سیکریٹری نے ایک بیان میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف پنجاب کے شہر راولپنڈی میں جاری دھرناآٹھویں روز میں داخل ہوگیا ہے، حکمران سمجھتے ہیں کہ ہم تھک کر خاموش بیٹھ جائیں گے تو یہ ان کی بہت بڑی بھول ہے، جماعت اسلامی اپنے مطالبات کی منظوری اورعوام کو رلیف دینے تک دھرناجاری رکھے گی حکمرانوں نے ٹال مٹول سے کام لیا تو نام نہاد جعلی مینڈیٹ اور اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں کے آسرے کھڑی حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید5.45روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کو مسترد کرتے ہیں، کے الیکٹرک کو بنیادی ٹیرف میں اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر مسلسل نوازا جارہا ہے ،نیپرا ،حکومت اور کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے۔

آئی پی پیز کی طرح کے الیکٹرک سے بھی ڈالروں میں معاہدہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ کراچی تاکشمور کے عوام،تاجروں،مزدوروں،وکلا، طلبہ،اساتذہ،علما سمیت ہر طبقہ زندگی کے افرادگورنر ہاوئس دھرنے میں بھرپور شرکت کریں اور حکمرانوں کے خلاف عوامی جدوجہد و مزاحمت کا حصہ بن کر ظالمانہ ٹیکسوں، بجلی کے بھاری بلوں اور حکمرانوں کی عیاشیوں کو لغام دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔#