الخدمت کے تحت انڈسٹریل آٹومیشن کورس کرنے والے نمایاں طلبہ میں اسناد تقسیم

کراچی(صباح نیوز) الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام اور پاک سوئس ٹریننگ سینٹر کراچی کے اشتراک سے انڈسٹریل آٹو میشن( PLS\SCADA\HMI)کورس کرنے والے نمایاں طلبہ میں اسناد تقسیم کردی گئیں ۔کورس تین ماہ کی مدت پر مشتمل تھا ۔نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے پی آئی بی میں واقع الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈائریکٹر پاک سوئس ٹریننگ سینٹر انجینئر فرحان حامد ،

ڈائریکٹرالخدمت مواخات پروگرام یوسف محی الدین ،منیجرالخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام محمد طارق ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ اس موقع پر طلبہ سے خطاب میں انجینئر فرحان حامد نے کہا کہ دور حاضر میں تمام چیزیں آٹومیشن اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے منسلک ہورہی ہیں۔ایسے میں انڈسٹریل آٹو میشن کی ضرورت واہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے ،نوجوانوں کیلئے انڈسٹریل آٹو میشن سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ انجینئر نگ اور ڈپلومہ کرنے والے طلبہ انڈسٹری میں اپنی خدمات پیش کرسکیں ،

یوسف محی الدین نے کہا کہ پاک سوئس ٹریننگ سینٹر منفرد اور بااعتماد ادارہ ہے جو انڈسٹریل آٹو میشن کئی دہائیوں سے کروا رہا ہے ۔الخدمت نے دور حاضر کی ضروریات کے پیش نظر انڈسٹریل آٹو میشن کا کورس کروانے کا فیصلہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں اوریہ نوجوان معاشرے کے بہترین فرد ثابت ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان روز گار حاصل کرنے کے بعد معقول آمدنی حاصل کرکے اپنے اہل خانہ کی کفاکت کی ذمہ داریاں نبھا سکیں گے ۔یوسف محی الدین نے سرٹیفکیٹ کورس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبار ک باد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگیوں میں ایمانداری اور دیانت داری کو فوقیت دیں گے ۔