کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی تہران میں اسرائیلی حملے میں شہادت پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت بیت المقدس کی آزادی کی نوید ہے،اسماعیل ہانیہ اور ان کے اہل خانہ کی شہادت نے سیدنا امام حسین کی بے مثال قربانی کی یاد تازہ کی ہے۔ وہ صرف فلسطین کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عظیم مجاہد اورلیڈر تھے۔اسماعیل ہانیہ کی شہادت نے قبلہ اول اورفلسطین کی آزادی کی تحریک مزاحمت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل ہانیہ کی شہادت صرف حماس فلسطین اور عرب کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا ایک بڑا نقصان ہے انکی شہادت نے پوری امت مسلمہ کا دل غم اور غصے سے بھر دیا ہے۔اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت مزید تیز ہوگی اور اسرائیل واس کے حواریوں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔
ناظمہ کراچی نے کہا کہ شہادت اسلام کا بلند ترین درجہ ہے شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، اسماعیل ہانیہ شہادت کے جذبہ سے سرشار تھے، ان کی اور انکے خاندان کی قربانیوں نے مسلمانوں میں جذبہ جہاد تازہ کر دیا ہے ،جنونی صیہونیوں کے اس بزدلانہ کاروائی سے فلسطینی عوام کے جذبہ آزادی کو اور مہمیزملی ہے انشاء اللہ شہداء کی یہ قربانیاں ایک دن رنگ لائیں گی ، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا۔ اس سانحہ ارتحال پر نائب ناظمہ فرح عمران شیبا طاہر،سمعیہ عاصم عذرا سلیم،سکریٹری اطلاعات ثمرین اس حمد نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ہے۔