اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی قیادت میں پانچ رکنی وفدنے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کا پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کیا۔ پاکستان کے سماجی، اقتصادی اور جمہوری اداروں کے لیے دولت مشترکہ کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے مشترکہ دلچسپی کے امور بالخصوص نوجوانوں کو بااختیار بنانے، بہتر گورننس اور موسمیاتی تبدیلی پر دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون کی حکومت کی خواہش کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ 30 سال سے کم عمر کے نوجوان جو پاکستان کی آبادی کا دو تہائی حصہ ہیں، ان کو جدید تعلیم اور فنی تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی اور عصر حاضر کی ہائی ٹیک عالمی معیشت تک پاکستانی نوجوانوں کی رسائی اور اس شعبے میں ترقی کے مواقع بڑھانے کیلئے دولت مشترکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ سکریٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم کی قیادت اور اس پروگرام کی براہ راست نگرانی وزیرِ اعظم کی ذاتی دلچسپی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات کے عزم کی عکاس ہے۔ سرکاری محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور براہ راست پیش رفت جاننے کے لیے، پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کامن ویلتھ کے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی پیشکش کی۔ انہوں نے پاکستان کو کامن ویلتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کنسورشیم (CAIC) میں شمولیت کی بھی دعوت دی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے سرکاری شعبے میں گورننس اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے کامن ویلتھ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے CAIC میں شمولیت کی دعوت کا بھی خیر مقدم کیا جہاں پاکستان کے نوجوانوں کو تربیت کے مواقع میسر ہوں گے اور وہ کلاڈ کمپیوٹنگ اور جنریٹو AI جیسی جدید عالمی ایجادات سے مستفید ہو سکیں گے اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے زیادہ بااختیار ہوں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کو پاکستان اور کامن ویلتھ کی مشترکہ ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کے لیے سیکرٹری جنرل کی موسمیاتی تبدیلی کیلئے وکالت اور پوری دنیا میں مصیبت زدہ پاکستانیوں کی آواز پہنچانے کے اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان باکو میں آئندہ COP29 کے موقع پر پاکستان جیسے ممالک جو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے خطرے سے دوچار ہیں، کے لیے مزید بین الاقوامی تعاون کو متحرک کرنے کیلئے کامن ویلتھ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ سکریٹری جنرل اسکاٹ لینڈ نے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے مزید تعاون فراہم کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ رواں برس کے آخر میں سموا (Samoa) میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے منتظر ہیں. ملاقات میں وزیر اعظم اور دولت مشترکہ کی سکریٹری جنرل نے ایسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جس کے ذریعے دونوں فریق باہمی دلچسپی کے اہم امور پر اتفاق رائے پیدا کرکے دولت مشترکہ کے لیے ایک روڈ میپ تیار کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے سکریٹری جنرل اسکاٹ لینڈ کو تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں کامن ویلتھ کے امور کو کامیابی سے چلانے پر مبارکباد دی. وزیرِ اعظم نے انکے پاکستان میں کامیاب اور نتیجہ خیز قیام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔