کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ جدید مغرب کی قیادت نام نہاد رہنمائی کے منصب پر فائز ہے، اس کے دہرے معیارات ہیں، جانوروں کے حقوق کا واویلا کرتے ہیں، لیکن انھیں غزہ اور فلسطین میں انسانیت کے تڑپتے لاشے نظر نہیں آتے۔ اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے اجتماع ارکان و امیدواران سے خطاب اور اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ ایران میں شہید ہو گئے،
اس پر امریکی زبان گنگ ہے، بلکہ واشنگٹن کا بیانیہ ہے کہ ہم ہر صورت اسرائیل کا دفاع کریں گے، گویا امریکا ظلم و بربریت کا دوسرا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو آنکھیں کھولنی چاہییں کہ اہل فلسطین کے مظلومین کے ساتھ کون کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی پارٹیوں حتی کہ پی ٹی آئی کو بھی اہل غزہ کے مظلوم نظر نہیں آتے اور عافیہ صدیقی پر خاموش ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے حوالے سے تو امریکی کانگرس میں قراردادیں پاس ہو رہی ہیں، یہ ایسی پارٹی ہے جس کی پشت پر امریکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اسلامی قوتیں ہی اہل غزہ کے لیے آواز بلند کررہی ہیں لہذا عوام انہی کا دست و بازو بنیں۔