گلشن ٹاؤن کراچی میں مزید تین پارکس کو بحال کر دیا گیا

  کراچی (صباح نیوز) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواداحمد نے کہا ہے کہ گلشن کو گلشن بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے مزید تین پارکوں کو تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا ،شجرکاری اور پارکوں کی بحالی ترجیحات ہیں جس پر کافی کام کرچکے ہیں اور مزید کام کر رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 6 کے چئیرمین ناصر اشفاق، وائس چئیرمین عادل محمد ،چیئرمین پارکس کمیٹی آصف عبدالکریم اور علاقہ معززین کے ہمراہ یوسی 6 اسکیم 33 میں راشد منہاس پارک ، میٹروول فیملی پارک اور مولانا یوسف منصوری پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے محدود عرصے میں14 پارکوں کی تزئین وآرائش مکمل کی ہے، جس میں 4 پارکس ماضی میں کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہے تھے جو اب ہرے بھرے ہوچکے ہیں اور عوام ان پارکوں میں آنا شروع ہو گئے ہیں اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج اور کراچی کے بڑھتے ہوئے درجہِ حرارت سے نبردآزما ہونے کیلئے تین سال میں ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں سے ایک ہزار زیتون کے درخت لگائے جائیں گے اس کے علاوہ 7 ہزا اسکوائر فٹ سڑکوں کی استرکاری کا کام بھی سر انجام دیاگیا ہے، محکمہ ایم اینڈ ای نے 4 ہزار اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ومرمت کی جو روشنی کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیان لائٹس میں ایک ہزار نئی اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کی گئی ہے، اسکولوں میں نظام تعلیم کی بہتری ، لائبریری کے قیام اور کو ورکنگ اسپیس کیلئے بھی پراجیکٹ کا جلد افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ہر شخص اپنے حصے کا ایک پودا لازمی لگائے، جبکہ جو پارکس تزین و آرائش کے بعد آپ کے حوالے کئے جارہے ہیں اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری آپ بھی لیں اور کہیں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوری آگاہ کریں، انہوں نے مزید کہا کہ معاشی اور سیاسی عدم استحکام کے سبب ہمارے معاشرے میں مایوسی بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہمارے نوجوان ملک سے نقل مکانی کررہے ہیں ، ہمارا مذہب مایوسی کو کفر قرار دیتا ہے ، میری گزارش ہے کہ ہم مشکل حالات میں ثابت قدم رہیں اور حالات سے لڑنے کیلئے جہدوجہد کرتے رہیں، اس موقع پر علاقہ مکینوں نے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد  اور گلشن ٹان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عوام،ٹاون اور منتخب بلدیاتی نمائندگان ملکر بلدیاتی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالرئیس ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس راشد فیاض اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ، یوسی نمائندگان اور بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی موجود تھے۔