پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپو صوبے کے حالات ٹھیک نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دیں، امن و امان کی صورتِ حال خراب ہے، حالات بہتر کرنے کے لیے پھر کیا کریں، آپریشن کے بغیر کوئی آپشن ہے تو بتائیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ اگر صوبے کے حالات ٹھیک نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دے دیں ، وزیرِ اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ گورنر کی وجہ سے انہیں ذہنی کوفت اٹھانا پڑی، اس لیے ہرجانے کا نوٹس بھیجا، وزیرِ اعلیٰ کو آفر کرتا ہوں، سندھ آئیں وہاں ان کا ذہنی علاج مفت کراتا ہوں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن پر تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہیے تھا، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کے پی نے آپریشن سے اختلاف نہیں کیا تھا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن و امان کی صورتِ حال خراب ہے، حالات بہتر کرنے کے لیے پھر کیا کریں، آپریشن کے بغیر کوئی آپشن ہے تو بتائیں، ہم بھی آپریشن نہیں چاہتے، امن و امان پر کوئی سیاست نہیں کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پہلے اپنے کیسز ختم کریں پھر وزیرِ اعظم کا خواب دیکھیں، پی ٹی آئی پر اب یہ نوبت آگئی ہے کہ احتجاج بھی نہیں کر سکتی، پی ٹی آئی کہتی ہے کہ احتجاج کی اجازت نہیں ملتی، ہم تو بغیر اجازت کے جلسے اور احتجاج کرتے تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کے وکلا نے ہمیشہ اپنی پارٹی کو پھنسایا اور مشکلات پیدا کیں، مولانا کہتے ہیں کہ وہ اپنے حلقے میں نہیں گھوم سکتے، انہیں خطرہ ہے۔