مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر ممکن نہیں ،شہزاد وسیم


اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم  نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے محبت، انسانیت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر ممکن نہیں۔

سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھارتی فوجی کے کشمیر میں قدم رکھنے سے آج تک کشمیر میں بھارتی قبضہ جاری ہے، آج کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کی شناخت کو برقرار رکھا جائے گا، لارڈ مائونٹ بیٹن کے خطوط موجود ہیں کہ ریفرنڈم ہوگا اور کشمیریوں سے ان کی رائے لی جائے گی، مودی کے آنے کے بعد کشمیر میں ایک نئی صورتحال نے جنم لیا، ہندوتوا فلسفے کے تحت کشمیر میں غیر قانونی طور پر ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا، آسیہ اندرابی سے لیکر یاسین ملک تک پابند سلاسل کیا گیا، سید علی گیلانی کے جسد خاکی سے بھی بھارتی سورما خوف کھاتے رہے، وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد میں کھڑا ہو کر مودی کو جو پیغام دیا سب کے سامنے ہے۔